جیفرسن سٹی: امریکی ریاست مسوری کے گورنر ایرک رابرٹ گریئٹینس نے جنسی اسکینڈل میں مواخذے کے بعد مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی ریاست مسوری کے گورنرایرک گریئٹینس کو غیرازدواجی تعلقات رکھنے کے الزام میں مواخذے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے اپنے خلاف منظرعام پر آنے والے جنسی اسکینڈل کو سیاسی شہرت کو نقصان پہنچانے کا حربہ قرار دیتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
44 سالہ ایرک گریئٹینس نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ دو ماہ انکے خاندان کے لئے انتہائی تکلیف دہ گزرے ہیں۔ اس دوران ان پرلغو اوربے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ میں ملک کا ذمہ دار شہری اور آئین پر عمل کرنے والا گورنر ہوں اس لئے ایسے گھٹیا الزامات لگنے کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کررہا ہوں۔
امریکی ریاست مسوری کے گورنر کو مالیاتی بے ضابطگیوں کا بھی سامنا ہے۔ اُن پرالیکشن مہم کے دوران سیاسی حمایت حاصل کرنے کے لئے ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کی بہبود کے لئے چیریٹی فنڈز میں رقم جمع کرانے والوں کی فہرست میں ٹمپرنگ کا بھی الزام ہے۔
واضح رہے امریکی ریاست مسوری کے گورنر ایرک رابرٹ کریئٹینس پراپنی ہیئرڈریسر کے ساتھ ناجائزتعلقات رکھنے کا الزام ہے جب کہ مذکورہ خاتون کی نیم برہنہ تصویر بھی گورنر نے ہی شائع کی تھی ۔ ایرک رابرٹ نے خاتون کی تصویر لینے کی تو تصدیق کی تھی لیکن اسے ہراساں کرنے کے الزام کی تردید کی تھی۔