اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے 25 ویں آئینی ترمیم پر دستخط کردیئے ہیں، صدر ممنون حسین کی دستخط کے بعد قبائلی علاقے باقاعدہ طور پر صوبہ خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئےہیں۔
صدر مملکت نے اس موقع پر ان علاقوں کے عوام کو دلی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی اقدام سے سابقہ قبائلی علاقوں میں ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھل گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ دستخط کے بعد فاٹا کے عوام کو بھی ملک کے دیگر حصوں کے عوام کے مساوی آئینی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔
آئینی ترمیم پر دستخط کے سلسلے میں جمعرات کو ایوان صدر میں سادہ تقریب ہوئی جس میں فاٹا ریفارم کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز،گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے قانونی امور بیرسٹر ظفراللہ خان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر فاٹا ریفارم کمیٹی کے سربراہ اور پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین سرتاج عزیز نے اس آئینی ترمیم کے بعد قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئے ہیں اور ان علاقوں کے عوام کو ملک کے دیگر تمام علاقوں کے مساوی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔