حکومتی مدت آج رات 12بجے ختم ہوگی،ناصرالملک کل حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: وفاقی حکومت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی، ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ مسلسل دوسری جمہوری حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج وزیراعظم ہاؤس کے عملے اور افسران سے الوداعی ملاقاتیں کریں گے اوروزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چیف ایگزیکٹو آفس سے روانگی کے موقع پر مسلح افواج کے دستے انہیں سلامی بھی پیش کریں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بطور 18ویں منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے 10 ماہ اپنی خدمات انجام دیں، جبکہ ان سے پہلے اس عہدے پر نواز شریف تھے جنہوں نے 4 سال ایک ماہ اور 23 دن اپنی خدمات انجام دیں جنہیں اعلیٰ عدالت نے پاناما کیس میں نااہل قرار دیا تھا۔
وفاقی حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد جسٹس (ر) ناصر الملک کل نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گےاور حلف برداری کی تقریب کل ایوان صدر اسلام آباد میں 11 بجے ہوگی جہاں صدر ممنون حسین جسٹس (ر) ناصر الملک سے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔
ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے۔
تقریب میں عسکری قیادت، اعلیٰ شخصیات، غیر ملکی سفیروں، گورنر، وزیراعظم،چیئرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ کو تقریب کے دعوت نامے موصول ہوگئے ہیں۔