وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کاکمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ

راولپنڈی:وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملکی ترقی اور درپیش چیلنجز پر گفتگو کی،اس دورے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورے میں افسران اور کالج کے فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ملکی ترقی، پاکستان کو درپیش چیلنجز اور موجودہ حالات میں آگے بڑھنے کے معاملات پر روشنی ڈالی۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوج نے بڑی قربانیاں دے کرملک میں امن قائم کیا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے ملک میں ترقی کے امکانات پر بات کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں آگے بڑھنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔