جمہوریت کے تسلسل کیلئے بروقت انتخابات ضروری ہیں،مصدق ملک

اسلام آباد:مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ملک کا سیاسی ماحول ایسا بن گیا ہے کہ کسی بھی سنجیدہ بات کو آگے بڑھانا مشکل ہوتا ہے کیونکہ تحریک انصاف بھی وہی باتیں کر رہی ہے جو سرفراز بگٹی نے کی ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ہماری سیاسی تاریخ تعصب زدہ ہے ، پہلے عمران خان کی انگلی کا ذکر اور اس کے بعد عمران خان کا کہنا کہ جب جمہوریت جائے گی تو لو گ سڑکوں پر مٹھائیاں بانٹیں گے ۔
مصدق ملک نے کہاکہ پرویز خٹک نے جاتے جاتے کہا ہے کہ الیکشن کو ملتوی کردیا جائے یا فاٹا کے لوگوں کے ووٹ کاحق ختم کردیا جائے ۔
انہوں نے کہا تحریک انصاف کی حرکتوں کی وجہ سے جو پیغام عوام کے پاس جارہاہے تو لوگ اتنے بیوقوف نہیں ہیں جو سمجھ نہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے تسلسل کیلئے بروقت انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے۔