ریحام نے سچائی کے متلاشیوں کیلئے کتاب فائدہ مند قرار دیدی

لندن:تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ سچائی کے متلاشیوں کے لئے میری کتاب فائدہ مند ہوگی جو شخص ایک صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کا نام نہ دے سکے وہ ملک کیا چلائے گا ، مجھے جو تاریخ بہتر لگے گی اس پر اپنی کتاب مارکیٹ میں لیکر آؤں گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا ہے کہ مجھے کسی کے کندھے پر بندوق رکھ کر چلانے کی ضرورت نہیں ، میں نے کتاب خود لکھی ہے جو شخص ایک نگران وزیراعلیٰ کا نام نہ دے سکے کیا وہ ملک چلا سکتا ہے؟مجھے جو تاریخ بہتر لگے گی اس پر کتاب مارکیٹ میں لیکر آؤں گی۔ یہ تاریخ 16جولائی بھی ہو سکتی ہے اور16دسمبر بھی۔انہوں نے کہا کہ مجھ عاجز کی کتاب سے الیکشن کوکیا ہو گا ۔میں تو یہ چاہتی ہوں کہ میرے ساتھ جو ہوا اس کا عوام کو بھی پتہ چلے جو شخص سچ جاننا چاہے گا اس کو اس کتاب سے فائدہ ہوگا ریحام خان نے کہا کہ میری شہباز شریف یامریم نواز سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی ۔عمران خان کا بلیک بیری میرے پاس نہیں ہے ۔ریحام خان نے کہاکہ اگر تحر یک انصاف کا یہی رویہ رہا تو شائد کتاب شائع کرنے کی ضرورت ہی نہ رہے ۔سمجھ سے بالا تر ہے کہ میر ی کتاب سے تحریک انصاف کیوں پریشان ہے ؟انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس معاملے کا نوٹس لیں۔ عمران خان آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے ۔