لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے،لوگ تڑپ رہے ہیں ، سحری اور افطاری کے وقت روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑتاہے ،سابقہ حکمران بڑی ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ کے وہ ذمہ دار نہیں ہیں ، عبوری حکومت اس کی ذمہ دار ہے ،ان کی اس بات سے ان کے کھوکھلی ترقی کے دعوے عوام کے سامنے آگئے ہیں،کیا وہ بجلی ساتھ لے گئے ہیں ابھی تو انہیں گئے ہوئے ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا، ستر سال میں ڈیم نہ بننے کی وجہ سے ملک میں پانی کی قلت کے ساتھ ساتھ توانائی کی بھی شدید کمی واقع ہوگئی ہے جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑرہاہے،حکمرانوں کے ذاتی ایجنڈے کی وجہ سے ملک میں دیر پا ترقی کا کوئی منصوبہ نہیں بن سکا، ایم ایم اے نے اپنا منشور قوم کے سامنے رکھ دیاہے جس میں عام آدمی کی محرومیوں اور پریشانی کو دورکرنے کا ایک واضح روڈ میپ موجود ہے ۔