کراچی :ایم کیوایم پاکستان کے رہنما حیدرعباس رضوی کی کینیڈا سے اچانک واپسی اور پھر روانگی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق حیدر عباس رضوی کو سیاسی طور پر سرگرم ہونے کی اجازت نہیں ملی جبکہ حیدر عباس رضوی کو این اے 243 سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑانے کا فیصلہ ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرعباس رضوی کی اچانک کینیڈا سے آمد اور روانگی کی ساری کہانی یہ ہے کہ کاغذات نامزدگی میں دہری شہریت کا کالم نہ ہونے کا فائدہ اٹھانے کا سوچا گیا تھا جبکہ دہری شہریت سے متعلق حلف نامہ جمع کرانے کا فیصلہ حیدر عباس رضوی کی آمد کے بعد آیا تاہم ان کی گرفتاری کا خدشہ پیدا ہوجانے پر انہیں واپس جانا پڑا۔
دوسری جانب رہنما ترجمان ایم کیوایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ حیدر عباس والدہ کی ناساز طبیعت کے باعث وطن واپس آئے، انہوں نے کل رات والدہ کی عیادت کی اور عیادت کے بعد وہ واپس دبئی روانہ ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات پریس کانفرنس خالد مقبول صدیقی نے کرنا تھی، حیدر عباس رضوی نے نہیں۔