اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ صاف، شفاف اور بروقت انتخابات یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری پوری کریں گے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے، پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ آج کل میڈیا پر زیادہ تر بحث قانونی معاملات پر ہو رہی ہے، نگران حکومت ایک آئینی حکومت اور خاص مدت کے لیے بنائی گئی ہے، ہم طویل المدتی پالیسی معاملات کو نہیں دیکھ سکتے ،اس ضمن میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کرنی ہے، وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ صاف شفاف اور بروقت انتخابات یقینی بنانا ہیں، سپریم کورٹ نے الیکشن فارمز کے حوالے سے معاملہ حل کر دیا ہے، فارم اپنی جگہ رہے گا ،الیکشن میں اضافی حلف نامہ آجائے گا۔