کالا باغ ڈیم پر ریفرنڈم درخواست کی سماعت کراچی میں ہوگی

اسلام آباد:سپریم کورٹ میں کالا باغ ڈیم پر ریفرنڈم کرانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہےجس کی سماعت 9 جون کو کراچی رجسٹری میں ہوگی۔ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز کی پانی کی قلت کے حوالے سے منظر عام پر آنے والی رپورٹس پر نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے معاملے کو کالا باغ ڈیم پر ریفرنڈم سے متعلق درخواست کے ساتھ یکجا کردیا ہے۔رپورٹس کے مطابق سال 2025 تک ملک بھر میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ جانے کا خدشہ ہے، ملک بھر میں دستیاب 142 ملین ایکڑ فٹ پانی میں سے صرف 42 ایکڑ فٹ پانی استعمال ہو رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق باقی 100 ایکڑ فٹ پانی مختلف طریقوں سے ضائع ہو رہا ہے،ماہرین نے ملک میں پانی کی موجودہ صورتحال پر پانی کی ایمرجنسی کا تقاضہ کرتے ہوئے نیشنل واٹر پالیسی کے قیام پر زور دیا ہے۔کالا باغ ریفرنڈم درخواست پانی کی قلت کے از خود نوٹس کے ساتھ نمٹائی جائے گی، چیف جسٹس ہفتے کو کراچی رجسٹری میں مقدمے کی سماعت کریں ۔