واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکہ کسی صورت میں بھی ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے واضح کیا ہے کہ امریکا کو ان رپورٹس کا بہ خوبی علم ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقداربڑھا رہا ہے۔امریکہ کسی صورت میں بھی ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورینیم افزودگی کی مقدار میں اضافے کے حوالے سے ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری سے ہرصورت میں روکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایران کو بھی ہمارے عزم کا اندازہ ہے کہ امریکا تہران کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔گذشتہ ماہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے پابندیوں سے بچنے کے لیے ایران کے سامنے 12 شرائط پیش کی تھیں۔ ان میں جوہری اور میزائل پروگرام ترک کرنے کی شرائط شامل تھیں تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ امریکا ایران میں سیاسی نظام کو تبدیل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔ انہوں نے ایران کے میزائل پروگرام کی روک تھام کے لیے یورپ کے کردار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یورپ نے تہران کو میزائلوں کی تیاری سے روکنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔