ٹرمپ کا باکسر محمد علی مرحوم کیخلاف مقدمات ختم کرنے پر غور

واشنگٹن: عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی مرحوم کے خلاف غیر منصفانہ مقدمات میں سنائی گئی سزا کو ختم کرنے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غور کررہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشہور عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی مرحوم کو بعض عدالتوں کی طرف سے دی گئی سزا کو ختم کرتے ہوئے انہیں معاف کرنے پر غور کررہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ محمد علی ان 3000 افراد میں شامل ہیں جنہیں غیرمنصفانہ عدالتی ٹرائل کا سامنا کرنا پڑا، میں محمد علی کومعاف کرنے پرسنجیدگی سے غور کررہا ہوں۔ اس کے ساتھ ان دیگر افراد کو بھی معاف کرنے کو تیار ہوں جنہیں غیر منصفانہ مقدمات میں الجھایا گیا۔
اس حوالے سے محمد علی مرحوم کے وکیل رون ٹوویل نے کہا ہے کہ محمد علی کی سزا معاف کرنے کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ قانونی طور پر اب ان کے موکل کو معاف کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہی ہے۔