بھارت میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی -28افراد ہلاک

 

اترپردیش:بھارتی ریاست اتر پردیش میں خطرناک آندھی ،طوفان اور آسمانی بجلی نے تباہی مچا دی ،ریاست کے 11اضلاع میں 27افراد ہلاک درجنوں زخمی ہوگئے،حادثات میں کئی مویشی بھی مارے گئے،ریاستی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لئے ضلعی مجسٹریٹس کو خصوصی اختیارات دے دیئے ۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق این سی آر ،کرناٹک ،بہار ،مغربی بنگال اور اتر پردیش سمیت کئی بھارتی ریاستوں میں دھول مٹی کی خطرناک آندھی ، طوفان اور آسمانی بجلی نے ہر طرف تباہی پھیلا دی تاہم دہلی ،کرناٹک اور اتر پردیش کے بعض اضلاع میں تیز بارش بھی ہوئی ۔آندھی اور طوفان سے اتر پردیش کے مختلف اضلاع میں اب تک 28افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ،خطرناک آندھی اور طوفان سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ سڑکوں پر لگے سائن اور بل بورڈ روئی کی طرح ہوا میں اڑتے دکھائی دیئے ،آندھی اور طوفان سے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے بھی تین بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے خوفناک آندھی اور طوفان سے کئی گھر اور عمارتیں گر گئیں ۔ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آسمانی آفت سے ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھکا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لئے مختلف اضلاع کے کے مجسٹریٹس کو خصوصی اختیارات سونپ دیئے ہیں ۔