ملک بھر میں شب قدر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

 

کراچی :ملک بھر میں شبِ قدر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے، تلاوتِ قرآن پاک اور نفلی عبادات کیلئے مساجد میں خصوصی انتظامات کے ساتھ سیکورٹی کے بھی فل پروف انتظامات کیے گئےہیں،جبکہ ایک رات میں ہزار مہینوں کی عبادت کا ثواب حاصل کرنے کیلئے شہریوں کا ذوق و شوق عروج پر پہنچ گیاہے۔

لیلتہ القدر کی تلاش کے لئے ملک بھر میں آج رمضان المبارک کی 27 ویں شب انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر مساجد کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جب کہ مساجد کی سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مسلمان اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لئے رات بھر خصوصی نوافل ادا کریں گے اور اپنی مغفرت اور بخشش کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعائیں مانگیں گے۔
کراچی،لاہور ،پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کے شہروں اور دیہاتوں میں شب قدر کی نسبت سے مختلف محافل کا اہتمام کیا گیا ہے،ختم قرآن، نفلی عبادات اور دعائیہ محفلوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور مساجد میں بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ،

اس رات کا اجر اور فضیلتیں تورب ہی بہتر جانتا ہے مگر احادیث اور روایات سے ثابت ہے کہ اس رات جبرئیل امین کی قیادت میں فرشتوں کا قافلہ زمین پر اترتا ہے اور عبادت کرنے والوں کی مغفرت کیلئے طلوعِ آفتاب تک دعا کرتا ہے، علماءکے مطابق نزولِ قرآن کا سلسلہ بھی اسی مبارک شب سے شروع ہوا، ایک ایسا ضابطہ حیات جو رہتی دنیا تک انسانوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔