کراچی: ملک بھر میں عیدالفطرآج مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہےاس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کےلیے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔تفصیلات کےمطابق ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید الفطر کی نماز کے اجتماعات ہوں گےجس میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔کراچی میں عید الفطر کے موقع پر شہر کی بڑی مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جبکہ پولیس کے علاوہ رینجرز اہلکار نے بھی ڈیوٹی انجام دیں گے،اہم عیدگاہوں پر نمازیوں کو واک تھرو گیٹ سے اندر جانے کی اجازت دی جائے گی ۔
ملک بھر میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عیدالفطر کے اجتماعات کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ،تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عید کے ہزاروں اجتماعات منعقدکیے جارہے ہیں ،اس موقع پر ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ کراچی میں ہزاروں مساجد اور عید گاہوں میں نمازعید کے اجتماعات ہو ررہے ہیں ،نماز عید کا بڑا اجتماع باغ جناح گراؤنڈ میں ہوگاجہاں گورنر سندھ سمیت دیگر اعلیٰ سرکاری حکام ، غیر ملکی سفرا اور شہریوں کی بڑی تعداد نماز عید ادا کریں گے۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد ملنے ملانے کا سلسلہ اور بچوں کا عیدی سمیٹنے کا مشن شروع ہوجائے گا،میٹھی عید منانے کے لئےخواتین بچوں اور منچلوں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں،اس حوالے سے چاند رات کو مارکیٹوں اور بازاروں میں خوب رش رہا،خواتین بیوٹی پارلر اور مہندی لگانے اوررنگ برنگی چوڑیوں کے اسٹالوں پر مصروف رہیں جبکہ نوجوان اور منچلے ہیر سیلون کی دکانوں پر امڈ آئے ۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین کراچی، نگران وزیر اعظم ناصر الملک اسلام آباد میں عید منائیں گے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی عید خاندان کے ہمراہ لندن میں ہوگی۔ پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ آبائی شہر سکھر، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، شیخ رشید احمد اور چوہدری نثار علی خان راولپنڈی، آفتاب شیرپاوٴ اور اسفندیار ولی عید چارسدہ میں منائیں گے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نوابشاہ جبکہ بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو میں عید منائیں گے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عید بنی گالہ میں اورامیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں نماز عید پڑھانے کے بعد دیر چلے جائیں گے ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ملتان جبکہ ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت گجرات میں عید منائیں گے۔