افغان فورسز اورطالبان کےعیدملنے کے دوران دھماکا،26 افرادجاں بحق

کابل:افغانستان کے صوبے ننگرہارمیں طالبان اورسیکورٹی فورسزکی عید کے موقع پر رسمی ملاقات کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 26افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق افغان حکومت اورطالبان کی جانب سے عیدالفطرکے موقع پر جنگ بندی کے اعلان کے بعد طالبان نے کابل سمیت ملک کے دیگر شہروں میں داخل ہوکرعوامی مقامات پر شہریوں اورسیکورٹی فورسزسے بغل گیرہوکرانہیں عید کی مبارکباد دی اور گلے ملے تھے ۔

سیکورٹی فورسز سے ملاقاتوں کے دوران طالبان عسکریت پسند غیر مسلح تھے تاہم ننگر ہار میں عید ملنے کے دوران زورداردھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم ازکم 26 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ دھماکے سے طالبان کا کوئی تعلق نہیں۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا اس وقت ہوا جب طالبان کے مقامی عہدیدارافغان سیکورٹی اہلکاروں سے عید مل رہے تھے کہ گاڑی میں موجود راکٹ پھٹنے سے دھماکا ہوگیا۔ جس گاڑی میں دھماکا ہوا وہ طالبان کی تھی جو ملاقات کے دوران ہجوم میں کھڑی تھی تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔