سعودی اتحادی فورسز نے یمنی شہر حدیدہ کے ایئرپورٹ کا کنٹرول حوثی باغیوں سے حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔دوسری جانب حدیدہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے مندوب بات چیت کے لیے یمن پہنچ گئے۔سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ساحلی شہر حدیدہ کے ایئرپورٹ کا قبضہ حوثی باغیوں سے حاصل کر لیا ہے۔ایئرپورٹ کے اطراف حوثی باغیوں سے حکومتی فورسز کی لڑائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحادی فورسز نے حدیدہ شہر کو حوثی باغیوں کے قبضے سے چھڑانے کا آغاز بدھ کو کیا تھا۔باغیوں سے جاری لڑائی میں اب تک ڈھائی سو سے زائد حوثی باغی مارے گئے ہیں، حدیدہ وہ واحد اہم بندرگاہ ہے جو حوثیوں کے زیر کنٹرول ہے۔