عمران خان کی کوششیں ناکام-ناراض کارکنوں کا بنی گالہ میں احتجاج جاری

 

اسلام آباد: انتخابی ٹکٹوں کے معاملے پر تحریک انصاف مشکلات کا شکار ہے ،عمران خان نے 3 بار کارکنوں کو منانے کی کوشش کی لیکن ناراض کارکنوں نے پارٹی سربراہ کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بنی گالا میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تحریک انصاف کے ناراض کارکنوں کا پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر احتجاج تاحال جاری ہے۔مظاہرین اب بھی عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر موجود ہیں، صبح ہوتے ہی ناشتے کے لیے دیگیں چڑھائی گئیں اور ناراض کارکنوں نے ناشتہ کیا۔
گزشتہ روزپی ٹی آئی کارکنوں نے جہانگیر ترین کو عمران خان کے دفتر سے باہر جانے سے روک دیا اور ق لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔کچھ مشتعل کارکنوں نے عمران خان کے دفتر کے اندر گھسنے کی کوشش بھی کی جس پر سیکورٹی گارڈز نے انہیں دھکے دے کر اندر جانے سے روکا۔عمران خان نے کارکنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے گھنٹوں بیٹھ کر تفتیش کی، انسان ہوں مجھ سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کارکنوں کو واپس گھروں کو جانے کی ہدایت کی لیکن کارکنوں کا کہنا تھا کہ اگر آپ چور کو ٹکٹ دیں گے تو ہم کہاں جائیں گے۔

قبل ازیں عمران خان نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹکٹوں کے معاملے پر 12بارہ گھنٹے بیٹھ کر تفتیش کی ہے لیکن میں بھی انسان ہو ں مجھ سے بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں۔ اللہ نے مجھے فرشتہ نہیں بتایا۔میں نے کہا دیا ہے کہ جس کو ناراضی ہے وہ درخواست دیدے اس پر غورکرکے فیصلہ کر لیں گے۔ہم 3 دن بیٹھیں گے اور اس دوران درخواستوں پر فیصلہ کرلیں گے۔تاہم ایسے میں عمران خان نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی شکایت کی درخواست جمع کروا دیں جس پر نظر ثانی کی جائے گی ،

عمران خان نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے ساتھ مل کر میرٹ پر ٹکٹیں دینے کے فیصلے کیے اس لیے کسی کے کہنے پر اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کروں گا۔ عمران خان نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کے کہنے پر فیصلہ تبدیل کرلوں تو کل مزید لوگ آجائیں گے، یہاں اگر 10 ہزار لوگ بھی آجائیں تو فیصلہ تبدیل نہیں ہوگا، مجھے آپ کا نہیں اللہ کا ڈر ہے۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے کہا ہے کہ نظرثانی پٹیشن فائل کریں، غور کریں گے، آپ پلے کارڈ اٹھا کر آگئے یہاں کوئی جلسہ نہیں ہو رہا۔عمران خان نے کارکنان کو کہا کہ اگر آپ کو لگتا ہے ٹکٹ کی تقسیم ٹھیک نہیں ہوئی تو دلیل لکھ کردیں جس پر کارکنان نے شکوہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ممبر سازی کی انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا اور ٹکٹوں کی تقسیم پر میرٹ کو نہیں دیکھا گیا۔عمران خان نے تمام کارکنان کو یقین دہانی کرائی کہ تمام فیصلے میرٹ پر کروں گا، آپ اپنی شکایات بتائیں۔تاہم عمران خان کی روانگی کے بعد بعد کارکنان وہیں موجود تھے کہ جہانگیر ترین آن پہنچے اور وہ کارکنان کے ہتھے چڑھ گئے ۔بنی گالہ کے باہر کارکنان نے جب جہانگیر ترین کو دیکھا تو انہیں گھیر لیا اور احتجاج شروع کر دیا جبکہ کارکنان کی جانب سے جہانگیر ترین کے مخالف نعرے بھی لگائے گئے تاہم پی ٹی آئی رہنما وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔