واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس ادارے سی آئی اے نے بھارت کی 2 ہندو انتہا پسند تنظیموں وشوا ہندو پریشد اور راشٹریہ سیوک سنگھ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے وشوا ہند و پریشد اورراشٹریہ سیوک سنگھ کا نام ورلڈ فیکٹ بک میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔
سی آئی اے نے یہ اقدام انتہا پسند ہندو جماعتوں کے تشدد اوردہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کے شواہد ملنے کے بعد کیا۔
وشوا ہندو پریشد اورراشٹریہ سیوک سنگ کے ترجمان نے اپنے بیانات میں سی آئی اے کے اس اقدام کو متعصبانہ قرار دیتے ہوئے سی آئی اے کی جانبداری پر سوال اُٹھا دیئے۔
ہندو عسکریت پسند تنظیموں کا کہنا ہے کہ سی آئی اے بذات خود ایک دہشت گرد ادارہ ہے جو امریکی مفادات کے تحفظ کی آڑ میں دیگر ممالک کی سالمیت کو نقصان پہنچاتا ہے۔
سی آئی اے کی جانب سے بھارتی ہندو تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کے بعد انتہا پسند جماعتوں کے کارکنان نے بھارت کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا ہے۔
مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ سی آئی اے نے ورلڈ فیکٹ بک میں جو نقشہ شائع کیا ہے اس میں کشمیر کو پاکستان کا حصہ دکھایا گیا ہے جس سے سی آئی اے کی جانبداری کا اظہار ہوتا ہے۔
واضح رہے سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ ’فیکٹ بک‘ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں وشوا ہندو پریشد اور راشٹریہ سیوک سنگ کے علاوہ درجنوں مقامی سیاسی جماعتیں اور پریشر گروپ موجود ہیں جو مقامی اور وفاقی سطح پر کام کر رہے ہیں۔
فیکٹ بک میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کو وادی کشمیر میں علیحدگی پسند گروہ کی حیثیت سے درج کیا گیا ہے۔