نادرا حکام نےشہریوں کاڈیٹا لیک ہونےکے تمام الزامات کی تردیدکردی

اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کا ڈیٹا لیکس ہونے سے متعلق تمام الزامات کی تردید کردی ہے۔

اسلام آباد میں نادرا کے 4 ڈائریکٹرجنرلز نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کسی بھی شہری کا ڈیٹا کسی بھی پلیٹ فارم سے شیئر نہیں کیا گیا۔

ڈی جی نادرا ذوالفقارعلی کا کہنا تھا کہ آج تک نادرا کی تاریخ میں کوئی ڈیٹا لیک نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ کرپشن پرنکالے گئے سابق افسرسید مظفر کی طرف سے الزامات عائد کئے گئے اورایک سال قبل ایک انٹرنل ای میل ایک ٹی وی پر چلائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بیان کی تردید کر رہے ہیں اور نہ تصدیق ۔ اس ای میل کا ڈیٹا لیک ہونے سے کوئی تعلق نہیں ۔

ذوالفقارعلی نے کہا کہ انٹرنیٹ ووٹنگ کی پریزنٹیشن خود سید مظفرعلی دینے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے کہ الیکشن کے وقت جھوٹے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے بھی دہری شہریت والے ادارے میں ہیں ان سے متعلق عدالت کو بتایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ نے ہمارے اقدامات کو سراہا ہے اوراوورسیز ووٹنگ کے بارے میں بھی سپریم کورٹ نے ہمارے ادارے کی تعریف کی۔

ڈی جی نادرا نے کہا کہ ہرسال ادارے کا آڈٹ کیا جاتا ہے اورہم الیکشن کمیشن کو وضاحت دے چکے ہیں کہ کسی بھی شہری کا ریکارڈ کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا۔ ادارے کی ساکھ کے لئے جو بھی اقدامات کرنا پڑے کریں گے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے ڈی جی نادرا پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے شہریوں کا ڈیٹا لیک کیا تھا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو ایک خط بھی تحریرکیا تھا جس میں انہوں نے ڈی جی نادرا پرجانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی میں شفاف الیکشن ممکن نہیں اس لئے انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی نادرا حکام کو خط لکھ کر اس معاملے پر وضاحت طلب کی تھی۔