سری نگر: بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کر کے 3 نوجوانوں کو شہیداورضلع پلوامہ میں ایک گھر بھی تباہ کر دیا۔
اس موقع پر کشمیری عوام کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر آنسو گیس شیلنگ بھی کی گئی۔
علاوہ ازیں بھارتی فوجیوں نے پتھراؤ سے بچنے کیلیے 4 کشمیری نوجوانوں کو اپنی گاڑیوں کے سامنے بٹھا لیا۔سوشل میڈیا پر وائرل نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں سے ڈر کر نوجوان کشمیریوں کو اپنی گاڑیوں کے آگے انسانی ڈھال بنا رکھا ہے۔بھارتی فوج پوٹا کے کالے قانون کے تحت غیر معمولی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تمام بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی کھلے عام خلاف ورزیاں کرتی ہے اور ڈھٹائی سے کشمیری نوجوانوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔