الیکشن کمیشن کا امیدواروں کی تفصیلات پبلک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ووٹرز کا امیدواروں کی تفصیلات تک باآسانی رسائی حاصل کرنے کے لئے ان کی تفصیلات پبلک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امیدواروں کی معلومات ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں کھڑے ہونے والے امیدواروں کی تفصیلات کو عام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کاغذات نامزدگی فارم جمع کرانے والے امیدواروں کی معلومات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کی تفصیلات ووٹرز کو دستیاب ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کئے گئے اثاثوں، حلف ناموں کی تفصیلات اور دیگر معلومات جاری کی جائیں گی۔
اس حوالے سے ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کا ڈیٹا اسکین کر کے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ بھجوانا شروع کر دیا ہے۔