امجد صابری کو دنیا سے رخصت ہوئے دو برس بیت گئے

عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کو دنیا سے رخصت ہوئے دو برس بیت گئے ۔
امجد صابری کو دو سال قبل کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
امجد صابری سفید رنگ کی سوک میں سوار تھے اور خود گاڑی چلا رہے تھے اور وہ جیسے ہی اپنے والد کے نام سے منسوب لیاقت آباد انڈر پاس سے ملحقہ الاعظم اسکوائر کے سامنے سے گزر رہے تھے تو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے انھیں سر راہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا دیا۔
امجد صابری معروف قوال صابری گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور غلام فرید صابری کے صاحبزادے تھے۔مقبول صابری اور غلام فرید صابری نے دنیا بھر میں قوالی کو متعارف کرایا تھا اور عارفانہ کلام میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ اسی گھرانے میں امجد صابری 23 دسمبر 1976ء کو پیدا ہوئے اور 1988ء میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنے والد کی مشہور زمانہ قوالی تاجدار حرم کو یوں پیش کیا کہ سننے والے جھوم گئے۔
امجد صابری اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور ہندوستان میں بھی لوگ ان کے دیوانے رہے۔ امجد صابری نے قوالی کے شعبے کو عوام میں مقبول بنانے کے لیے اس میں نت نئے تجربات کیے اور اسے جدت کے ساتھ پیش کیا۔
واضح رہے کہ امجد صابری قتل کیس میں 2 دہشت گرد عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔