بینظیر کی زندگی پر مبنی فلم میں مہوش حیات مرکزی کردار نبھائیں گی

پاکستانی ڈراموں اور فلموں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار نبھائیں گی۔
گزشتہ روز اداکارہ نے بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اداکارہ مہوش حیات نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ جلد ہی بینظیر بھٹو کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ آج محترمہ بینظیر بھٹو کی 65 ویں سالگرہ ہے، یہ وہ خاتون ہیں جنہوں نے پاکستان کی خواتین کو بااختیار بنایا۔ ایک وقت تھا جب بینظیر بھٹو نے خواتین کے اندر یہ احساس جگایا کہ وہ کچھ بھی کرسکتی ہیں، انہوں نے امید دلائی کہ خواتین بھی ستاروں تک پہنچ سکتی ہیں۔
مہوش نے کہا کہ وہ بہت شکرگزار ہیں کہ انہیں یہ موقع ملا کہ وہ بینظیر بھٹو کی زندگی کے ہر پہلو سے واقف ہوسکیں اور تصور کرسکیں کہ ان کی زندگی میں کس طرح کے اتار چڑھاؤ آئے۔