سرگودھا ۔نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کےایک ہی خاندان کے 5 افراد کوقتل کردیا

صوبہ پنجاب کے شہرسرگودھا میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے بھوال کے چک 11 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے گھر کے سربراہ طفیل سمیت 5 افراد کو قتل کردیا۔
فائرنگ کے واقعے میں میاں بیوی سمیت 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاشوں اور زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا۔
ڈی ایس پی بھلوال کے مطابق شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق قتل ہونے والوں میں 50 سالہ محمد طفیل، 40 سالہ مجیدہ بی بی سمیت ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں جن کی عمریں 20،18 اور 16 سال ہیں۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔