طاہرالقادری عمران خان پر برس پڑے،الیکشن میں حصہ نہ لینے کا بھی اعلان

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہاکہ تبدیلی کی بات کرنے والو سنو! اگر الیکٹیبلز ہی تمہاری مجبوری تھے تو 20 کروڑ عوام کو ذلیل کیوں کیا؟ تماشا کیوں لگایا اور دھرنے کیوں دیئے؟ ہنگامے کیوں کیے؟۔
انہوں نے کہاکہ ہم سیاسی نظام کو کرپشن سے پاک کرنے کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن بعض سیاسی جماعتیں اوررہنماوں نےدہرا معیار اپنا رکھا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر القادری نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام امیدواروں کو کاغذات واپس لینے کا حکم دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ جمہوریت کے نام پر جو جرم ہورہا ہے، اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔پریس کانفرنس میں صحافی نے سوال کیا آپ انتخابات کا بائیکاٹ کررہے ہیں؟ جس کے جواب میں طاہر القادری کا کہنا تھا کہ میں نے بائیکاٹ کا لفظ استعمال نہیں کیا، اسی لیے میں نے محتاط لفظ استعمال کیا ہے، ہم بطور جماعت انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔