تہران: امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے ایران کے ساتھ ہونے والا جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدگی کی انتہاکو چھو رہے ہیں اور دونوں طرف سے دھمکی آمیز لہجہ اپنایا جا رہا ہے۔ اب ایران نے امریکہ کو اب تک کی سب سے خوفناک وارننگ دے دی ہے۔غیرملکی میڈیاکے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خمینی کے مشیر اعلیٰ برائے خارجہ امورعلی اکبر ولایتی نے امریکہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام امریکہ کا قبرستان بننے جا رہا ہے۔ شام کی جنگ جو رخ اختیار کر گئی ہے یہ ملک امریکہ کے لیے اگلا ویت نام ثابت ہو گا۔
علی اکبر ولایتی کا کہنا تھا کہ امریکیوں نے خود داعش اور النصرہ نامی گروپ تخلیق کیے جو اب مشرقی فرات پر قبضہ کر چکے ہیں۔ اب شام اور مشرقی فرات امریکہ کے لیے اگلا ویت نام بننے جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شام میں 2011ءسے جنگ جاری ہے جس سے پورا ملک تباہ ہو چکا ہے۔ اس جنگ میں ایران اور روس شامی صدر بشارالاسد کی حمایت میں لڑ رہے ہیں جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی ان کے خلاف۔ گزشتہ دنوں امریکی اتحادی افواج کی طرف سے شام کی حکومتی افواج کے اڈوں پر حملے بھی کیے گئے، جس کے بعد سے شام کی صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے اور حربی ماہرین اس صورتحال کوایک بڑی اور تباہ کن جنگ کا پیش خیمہ بتا رہے ہیں جو ممکنہ طور پر عالمی جنگ بھی ہو سکتی ہے۔