عوام کوحقوق دلوانا عدلیہ کی ذمہ داری ہے- چیف جسٹس

حیدر آباد :چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے عوام کو حقوق دلوانا عدلیہ کی ذمہ دا ری ہے اور ہم آج بھی شائد عوام کو پوری طرح حقوق دلوانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔

 

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں سندھ ہائیکورٹ بار کے جانب سے دیئے گئے عشائیے میں خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا ہے کہ قانو ن و انصاف کے نظام میں تبدیلی کی ضرورت ہے ،انصاف فراہم کرنا عدلیہ کی ذمہ داری ہے ۔ قانون بنانا مقننہ کی ذمہ داری ہے ۔ ہمارے پاس انفر ا سٹرکچر کی کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم بند کمرے میں بیٹھ کرنہیں ہو سکتیں ، عدلیہ کی کارکردگی مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ بار قانون اور انصاف کے نظام میں بہتری کیلئے تجاویز دے ۔ بار اوربنچ کے تعاون کے بغیر انصاف رائنج کرنا ممکن نہیں ہے ۔ اب وقت تبدیل ہو چکا ہے اور ہمیں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس ملک نے مجھے بڑ ی عزت دی ہے اور ایک بڑے عہدے پر بٹھایا ہے ۔ عوام کوحقوق دلوانے کی ذمہ داری عدالتوں کی دی گئی ہے ۔ ہم جو کر رہے ہیں ہمارا کام ہے کسی پر احسان نہیں کر رہے ۔ انہوںنے کہا کہ اپنے اختیارات کے مطابق از خود نوٹس لیتا ہوں۔ آج بھی شائد عوام کو پوری طرح حقوق دلانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔اللہ تعالیٰ نے آپ کو آزاد ملک دیا ہے اس کی حفاظت کریں۔یہ ملک آپ کیلئے ایک ماں کی طرح ہے اس لئے آپ ملک کی ماں کی طرح خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ زندگی کا ایک مقصد بنائیں جو کام کریں ایمانداری سے کریں۔