سعودی خواتین کی ڈرائیونگ پرعائد پابندی ختم ہو گئی

سعودی عرب میں خواتین پر کارڈرائیو کرنے کی پابندی کا آج سے خاتمہ ہوگیا،جس کے بعد سعودی خواتین کو طویل انتظار کے بعد تنہا گاڑی چلانے کی اجازت مل گئی۔ پابندی ختم ہوتے ہی سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور دیگر شہروں میں بہت سی خواتین گاڑی لے کر سڑکوں پر نکل آئیں جب کہ کچھ خواتین نے دوران ڈرائیونگ عربی میوزک بھی سنا۔شہزادہ الولید بن طلال کی صاحبزادی ریم نے انہیں گاڑی میں بٹھا کر سیر کروائی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں آج سے خواتین خود گاڑی چلائیں گی، مملکت میں خواتین کے گاڑی چلانے پر 28 سال پہلے پابندی لگی تھی، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ستمبر دوہزار سترہ میں خواتین کے گاڑی چلانے پر پابندی ہٹانے کا اعلان کیا تھا جس پر آج سے عملدر آمد شروع ہوگیا۔
شہزادہ الولید بن طلال نے رات بارہ بجے جیسے ہی گھڑیوں نے 24 جون کے لمحات آنے کی خبر دی، اپنی صاحبزادی ریم کے برابر والی سیٹ پر بیٹھ کر ویڈیو بنائی، انہوں نے گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی اپنی پوتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اکیسویں صدی میں داخل ہو گیا ہے۔