ہرارے: زمبابوین صدرپرحملے کے بعد سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز خطرات سے دوچار ہوگئی ہے۔
پاکستان، زمبابوے اورآسٹریلیا کے مابین ٹی ٹوئنٹی ٹرائی سیریز یکم جولائی سے 8 جولائی تک ہرارے میں شیڈول ہے جبکہ زمبابوے میں 30 جولائی کو عام انتخابات ہورہے ہیں، گزشتہ دنوں زمبابوین صدرایمرسن منانگا گاوا پارٹی ریلی کے دوران بم دھماکے میں بال بال بچ گئے تھے۔
سیکیورٹی کی غیریقینی صورتحال پرکرکٹ آسٹریلیا گومگوں کا شکار ہے۔ ترجمان کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق دورہ بدستور پلان کا حصہ ہے مگر بورڈ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اورمتعلقہ اتھارٹیز سے رابطہ کیا گیا ہے، پلیئرز اوراسپورٹ اسٹاف کی حفاظت کو مقدم رکھا جائے گا۔
زمبابوین کرکٹرز اور ان کے بورڈ کے مابین معاوضوں کی عدم ادائیگی پر پہلے ہی تنازعہ چل رہا ہے، زمبابوے کے ڈکٹیٹر رابرٹ موگابے کے37 سالہ دور اقتدار کے خاتمہ کے بعد آسٹریلوی ٹیم پہلی مرتبہ زمبابوے کا دورہ کر رہی ہے، اس تمام صورتحال کی وجہ سے ٹرائی سیریزملتوی کUے جانے کے امکانات بھی موجود ہیں۔