امیر مرد سے شادی کی خواہش پرخاتون نے 20لاکھ اڑادیے

لندن: امیر مرد سے شادی کی خواہش تو بہت لڑکیوں کو ہوتی ہوگی لیکن برطانیہ میں ایک خاتون نے اس خواہش میں 20لاکھ روپے ایسے کام پر خرچ کر ڈالے ہیں کہ سن کر کسی کو یقین ہی نہیں آئے گا۔ میل آن لائن کے مطابق 47سالہ ٹیریزا برکی نامی یہ خاتون وسطی لندن کی رہائشی ہے جو کسی ارب پتی مرد سے شادی کرنا چاہتی تھی

اپنی اس خواہش کی تکمیل کے لیے اس نے انتہائی مہنگی ڈیٹنگ ایجنسی ’سیون تھرٹی لمیٹڈ‘ کی خدمات حاصل کیں جو امراءکو اپنی سروسز فراہم کرتی ہے۔ اس ایجنسی کی گولڈ ممبرشپ کی فیس 12ہزار 600پاؤنڈ (تقریباً 20لاکھ روپے) تھی جو اس نے ادا کی، تاہم دو سال گزرجانے کے باوجو دایجنسی اس کی مرضی کا مرد تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔

تین بچوں کی ماں ٹیریزا کی شرائط یہ تھیں کہ مرد ارب پتی ہو، اس کے کئی گھر ہوں اور وہ اولاد کا خواہش مند ہو۔جب دو سال کے بعد بھی ایجنسی ان شرائط پر پورا اترنے والا مرد تلاش کرنے میں ناکام رہی تو اب ٹیریزانے لندن ہائیکورٹ میں اس کے خلاف مقدمہ دائر کروا دیا ہے۔

ٹیریزا نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ ”ان لوگوں نے مجھ سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔چنانچہ میں نے انہیں فیس کی جو رقم ادا کی تھی وہ مجھے واپس دلوائی جائے۔“

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیریزا نے اس ایجنسی کو فراڈ قرار دیا تھا جس پر ایجنسی نے بھی اس کے خلاف ہتک کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ ”ہم نے ٹیریزا کو 6مردوں سے شادی کی پیشکش کی اور ان سے ملاقات کرنے کو کہا۔ وہ تمام اس کی شرائط پر پورا اترتے تھے تاہم اسے ان میں سے کوئی پسند نہیں آیا۔“