روم:اٹلی میں سائنسدانوں کو کھدائی کے دوران 4ہزار سال پرانے مرتبان میں سے زیتون کا تیل ملاجسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق اٹلی کے علاقے سیسلی سے دریافت ہونے والے اس مرتبان میں زیتون کا تیل 4ہزار سال سے محفوظ تھا۔ مرتبان کی عجیب قسم کی بیضوی شکل کی وجہ سے سائنسدانوں نے تجزئیے کا فیصلہ کیا۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہڈاکٹر ڈیوڈ ٹینیسی کا کہنا تھا کہ ”اس مرتبان کا تعلق کانسی کے ابتدائی دور سے ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کھانوں میں اور ادویات کی تیاری میں زیتون کے تیل کا استعمال اس زمانے میں بھی کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے بطور ایندھن استعمال کیے جانے کے شواہد بھی موجود ہیں۔ اسی طرح کے مرتبان اٹلی کے شہر لیسی سے بھی دریافت ہوئے ہیں تاہم وہ 3300سال پرانے ہیں۔ “واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیل میں کھانا بنانے کے ایسے 8ہزار سال پرانے برتن دریافت ہو چکے ہیں جن سے اس زمانے میں کھانوں میں زیتون کے تیل کے استعمال کے شواہد ملے تھے۔