لاہور:شدید گرمی اور حبس کے موسم میں ہمارے جسم کی پانی کی ضرورت بھی بہت بڑھ جاتی ہے، جو پوری نا ہو سکتے تو نتائج مہلک بھی ہو سکتے ہیں۔ ہم عموماً سنتے ہیں کہ ہمیں روزانہ 8 گلاس پانی پینا چاہیے۔ اگرچہ یہ ایک اچھا عمومی اصول ہے لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہئیے کہ ہر شخص کی پانی کی ضرورت دوسروں سے قدرے مختلف ہوسکتی ہے ۔ڈیلی اسٹار کے مطابق معروف ماہر غذائیات ایلکس ووڈ اس اہم موضوع پر بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہمیں اپنے ماحول، جسمانی سرگرمی اور درجہ حرارت کے مطابق دیکھنا چاہیے کہ ہمیں پانی کی کتنی ضرورت ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف میڈیسن کی ہدایات کے مطابق مردوں کی یومیہ ضرورت تقریباً 3لٹر اور خواتین کی تقریباً دو لٹر ہے۔ اگر موسم شدید گرم ہو تو اس مقدار میں کچھ اضافہ بھی کر لینا چاہیے۔ یہ عمومی ہدایات ہیں، یعنی اگر آپ کو اتنا پانی استعمال کر نے کے باوجود ضرورت محسوس ہو تو مزید استعمال کرنا چاہیے اور اگر اس سے کچھ کم پر آپ بہتر محسوس کرتے ہیں تو وہ بھی ٹھیک ہے۔ یاد رہے کہ شدید گرمی کے موسم میں اگر آپ کو مسلسل سخت پیاس محسوس ہوتی ہے، سرچکراتا ہوا محسوس ہوتا ہے، تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے، منہ خشک محسوس ہوتا ہے، ہونٹوں اور آنکھوں میں بھی خشکی کا احساس ہوتا ہے، تو یہ پانی کی کمی کی علامات ہیں۔ اسی طرح اگر پیشاب کی رنگت گہری پیلی ہو جائے یا اس میں سے بدبو محسوس ہو تو یہ بھی پانی کی کمی کی علامات ہیں۔