سندھ پولیس نے اپناخون دے کرشہریوں کا دفاع کیا۔ آئی جی سندھ

آئی جی سندھ پولیس امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے اپناخون دے کرشہریوں کا دفاع کیا، سندھ کا دہشت گردی کے خلاف کردارایک سنگ میل بن چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہید بینظیربھٹوایلیٹ پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں پاسنگ آؤٹ سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ پاس آؤٹ اہلکاردہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے، یہ اہلکارفیلڈ میں نکلیں گے تو جرائم پیشہ افراد بھاگ جائیں گے۔
امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ سندھ پولیس نے اپناخون دے کرشہریوں کا دفاع کیا، سندھ کا دہشت گردی کے خلاف کردارایک سنگ میل بن چکا ہے،انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے عوام کی حفاظت کی خاطر قیمتی جانوں کی پرواہ نہیں کی، شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کے تمام شعبوں کے دروازے بلوچستان کے لیےکھلے ہیں، بلوچستان پولیس جب چاہے اہلکاروں کو تربیت کے لیے بھیج سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جوان بلوچستان کے نہیں اس ملک کے جوان ہیں۔
واضح رہے کہ یگلیٹ کورس 38 اے بیج کے 213 جوان، 38 بی بیج کی 213 خواتین پاس آؤٹ ہوئیں اور مجموعی طورپر700 جوان ٹریننگ سینٹرسے پاس آؤٹ ہوئے ہیں ،آئی جی سندھ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرجوانوں کو تعریفی اسناد، نقد انعامات بھی دئیے۔