فیفا ورلڈ کپ: یوروگوئےپرتگال کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

 

ماسکو : روس میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے دوسرے ناک آؤٹ میچ میں یوروگوئے نےپرتگال کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔

شائقین فٹبال کے لیے پرتگال کی شکست انتہائی حیران کن ہے کیوں کہ پرتگال ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک تھی جبکہ اس سے قبل ہونے والے پہلے ناک آؤٹ میچ میں فرانس نے لائنل میسی کی ارجنٹائن کو 3-4 سے شکست دے کر باہر کردیا تھا۔فٹبال ورلڈ کپ میں اب دنیائے فٹبال کے دو عظیم کھلاڑی رونالڈو اور میسی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیوں کہ ان کی ٹیمیں باہر ہوچکی ہیں۔

سوچی میں کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں یوروگوئے نے شروع ہی سے پرتگال پر دباؤ بنائے رکھا اور کھیل کے 7 ویں ہی منٹ میں یوروگوئے کے کاوانی گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلادی۔پہلے ہاف کے اختتام پر یوروگوئے کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں پرتگال کے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 55 ویں منٹ میں پے پے نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔

https://www.youtube.com/watch?v=1Xc4lSxEExg

تاہم پرتگال کی یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 62 ویں منٹ میں کاوانی نے ایک بار پھر شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 1-2 کردی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی اور یوروگوئے نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔کوارٹر فائنل میں یوروگوئے کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔