کرپٹ نظام زمین بوس ہو کر رہےگا-سراج الحق

 

شیخوپورہ : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کاررواں چل پڑا ہے، کرپٹ نظام زمین بوس ہوکررہےگا، عوام نےامیدواروں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے، اسی جرات کا مظاہرہ پولنگ کے روز کیا گیا تو اسٹیٹس کوکی حامی قوتوں کو عبرتناک شکست ہوگی۔

شیخوپورہ کے علاقے صفدر آباد میں ایم ایم اے کے جلسے سے خطاب کرتےہوئے سراج الحق نے کہاکہ ملک و قوم کےمسائل کاواحدحل نظامِ مصطفی ﷺ کانفاذہے، جب تک ملک کو اس کے بنیادی مقصد سے دور رکھا جائے گا خرابیاں بڑھتی رہیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ لوٹی گئی قومی دولت واپس لائیں گے اور ملک کو قرضوں اور سود سے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کرپٹ اور ظالم اشرافیہ دشمن کے ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔