حج کرنےوالوں کےداخلی معلمین معاہدے پرعملدرآمدکے پابند قرار

مکہ مکرمہ:سعودی وزارت حج و عمرہ نے اندرون مملکت سے فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے لئے داخلی معلمین کو مشترکہ معاہدے کا پابند بنادیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے نے پابندیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ داخلی معلمین حج موسم کے دوران رہائش کی صفائی اور سیکیورٹی فراہم کریں گے،حج اجازت نامے کی کارروائی اضافی فیس کے بغیر مکمل کرائیں گے۔ حج اجازت نامہ مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ روانگی سے قبل حوالے کریں گے۔ ہر حاجی کو تعارفی کارڈ جاری کریں گے جس میں اس کا نام، اس کی شہریت، مشاعر مقدسہ میں کمپنی یا ادارے کے دفتر کا پتہ ہوگا، ہر حاجی کو شناختی کڑا فراہم کیا جائے گا، جس پر کمپنی اور اس کے مدیر کے نمبر درج ہوں گے۔وزارت اسلامی امور میں رجسٹرڈ دینی رہنما کی خدمات بھی حاصل کرنا ہوں گی، ہر 250حاجی کو جمرات بھیجتے وقت گائیڈ فراہم کرنا ہوگا۔مشترکہ معاہدے میں حاجی پر آنے والی پابندیوں کا بھی ذکر کیا گیاہے، عازم حج کو سداد کے ذریعے حج پیکیج کی رقم ایک ساتھ ادا کرنا ہوگی۔جمرات کی رمی کے اوقات کی پابندی کرنا ہوگی۔ جمرات جاتے وقت بچوں کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔وزارت نے داخلی عازمین سے کہا ہے کہ وہ مشترکہ معاہدے سے ہٹ کر داخلی معلم کو کسی بھی عنوان سے کوئی رقم نہیں دیں گے۔ گروپ ایچ کے خیموں میں مزدلفہ میں رہائش رکھیں گے۔ شکایات نگراں کمیٹیوں تک پہنچائیں گے۔ شکایات کے اندراج کی آخری تاریخ 15محرم 1440ھ مقرر کی گئی ہے۔داخلی معلمین عازمین حج کے شہر سے لے کر مشاعر مقدسہ تک ٹرانسپورٹ ، ناشتے ، ظہرانے اور عشائیے اور دیگر اضافی خدمات کی فراہمی کے پابند ہوں گے