عراق میں قیدداعش کے 300 سے زائد قیدیوں کی پھانسی کا فیصلہ

بغداد:عراق میں شدت پسند تنظیم داعش کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 8افراد کی لاشیں ملنے کے بعد حکومت نے اس ظلم کا بدلہ لینے کیلئے عراقی جیلوں میں قید شدت پسند تنظیم کے 300 سے زائد قیدیوں کو فوری طور پر پھانسی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔’دی گارڈین‘ کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کی جانب سے موت کی سزا پانے والے داعش کے شدت پسندوں کی فوری پھانسی کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ عراق کی جیلوں میں اس وقت 300 سے زائد داعش کے ایسے شدت پسند قید ہیں جنہیں موت کی سزا سنائی جاچکی ہے، جن میں 100 سے زائد غیر ملکی خواتین بھی شامل ہیں۔ خواتین قیدیوں میں سے اکثر ترک شہری ہیں جبکہ ان میں سابقہ سوویت ریاستوں کی خواتین بھی شامل ہیں جبکہ روس اور بیلجیئم سے تعلق رکھنے والی دو خواتین بھی سزائے موت کی منتظر ہیں۔ عراقی حکومت کی جانب سے یہ بڑا فیصلہ داعش کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے آٹھ افراد کے قتل کے اگلے ہی روز سامنے آیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ جلد ہی اس پر عملدرآمد کردیا جائے گا۔