بھارت میں ایک ہی خاندان کے 11 افرادکی پراسرار ہلاکت

دہلی:شمال دہلی کے علاقے بُراری میں3 منزلہ مکان میں ہونےوالے پراسرار قتل نے نئی دہلی کی پولیس سمیت پورے علاقے کونہ صرف ہلاکررکھ دیا ہے بلکہ حیران و پریشان بھی کردیا ہےکیونکہ پراسرار ہلاکت میں پوراخاندن ہلاک ہوگیا اور گھر میں صرف ایک پالتو کتا ہی بچا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیملی کے تمام 11 افرادصبح کے ٹائم پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے۔ ان کے چہروں کو کپڑے سے ڈھانپا گیا تھا اور کچھ کو باندھا بھی گیا تھا۔بھاٹیا خاندان کے اس گھر میں 10 افراد کو پھندا لگا کر پھانسی دی گئی جبکہ سب سے معمر خاتون کی موت فرش پر ہوئی۔

75 سالہ نارائن، ان کے دو بیٹے بھوپن (46) اور للت (42)، ان دونوں کی بیویاں سویتا (42) اور ٹینا (38) بھی پھندے سے لٹکے پائے گئے۔ بپن کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا اور للت کا 12 سالہ بیٹا بھی مردہ ملا ہے۔ نارائن کی بیوہ بیٹی اور اس کی 30 سالہ بیٹی پرینکا کی لاشیں بھی ملی ہیں۔ پرینکا کی 17 جون کو ہی منگنی ہوئی تھی اور جلد ہی شادی ہونے والی تھی۔

سینٹرل رینج کے پولیس کمشنر راجیش کھرانا نے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے کچھ بھی واضح نہیں ہو سکا۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں تحقیقات جاری ہیں لیکن یہ قتل ہے یا خودکشی اس پر ابھی کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔یہ واقعہ کیسے ہوا؟ گھر کی نچلی منزل پر دکانیں ہیں اور لاشوں کا پتہ انہی دکانوں کے ایک گاہک کی وجہ سے چلا۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ انھوں نے گھر سے ایک دستی نوٹ بک برآمد کیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ خاندان کسی پراسرار روحانی عمل کی مشق کر رہا تھا۔

شمالی دہلی کے ایڈیشنل ایس پی وینیت کمار نے کہا کہ نوٹ بک میں موت کے جن طریقوں کا ذکر ہے ان کی موت اسی انداز پر ہوئی ہے اور منہ اور آنکھوں کے باندھنے کے طریقے بھی نوٹ کے مطابق تھے۔ گھر سے دو رجسٹر بھی برآمد کیے گئے ہیں جن میںموکش یعنی جسمانی اور روحانی نجات حاصل کرنے کے طریقے درج ہیں۔

پولیس نے ابھی تک اس واقعے کے بارے میں حتمی رائے نہیں دی ہے اور کہا ہے کہ واضح طور پر قتل کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا اور حتمی رائے پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئے گی۔