اسلام آباد: چیف ایگزیکٹیو رنگ آف پاکستان ریسلنگ پیر عاصم شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان ریسلنگ کے سیزن ٹو میں 18 ممالک کے ریسلرز شرکت کریں گے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیزن ون کی کامیابی سے مزید ریسلرز پاکستان آنے پر آمادہ ہوئے ہیں اور میں آنے والے ریسلرز کا شکرگزار ہوں۔انہوں نے بتایا کہ سیزن ٹو کے مقابلے اگست کے آخری ہفتے میں کراچی اور اسلام آباد میں ہوں گے اور اس کے لیے میں پاک فوج کا مشکور ہوں جس نے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ریسلنگ سیزن ٹو میں یوکے سے ریمنڈ تھامس لیٹمر ، امریکہ سے نکول ٹینیا بروکس، برطانیہ سے اینڈریو ہیریسن اور فرانس سے حارث فیض بھی شریک ہوں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ریسلنگ ایونٹ کا انعقاد رنگ آف پاکستان اور آئی ایس پی ار مشترکہ طور پر کر رہے ہیں اور ایونٹ کا مقصد یہ باور کرانا ہے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے علاوہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر آمادہ کرنا بھی اس ایونٹ کا ایک مقصد ہے۔