دبئی سٹی:منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث لوگوں کو کیسی کیسی خوفناک سزائیں ملتی ہیں لیکن حیرت ہے کہ پھر بھی لوگ اس جرم کا ارتکاب کرتے ہیں، اور ایسے ایسے اندازمیں کہ دیکھ کر ان کی عیاری و مکاری کو داد دینی پڑتی ہے۔
دبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پکڑے جانے والے اس شخص کو ہی دیکھ لیجئے جو کچے گوشت میں منشیات چھپا کر دبئی پہنچ گیا۔خلیج ٹائمز کے مطابق ائرپورٹ پر ایک سکیورٹی اہلکار نے اس عرب شخص کو مشکوک پا کر اس کی تلاشی لی تو اس کی جیبوں سے گوشت کے پیکٹ برآمد ہوئے۔
یہ کچا فروزن گوشت تھا جس میں بظاہر کوئی غیر معمولی بات نظر نہیں آتی تھی لیکن جب ایکسرے مشین میں اس کا معائنہ کیا گیا توپتا چلا کہ گوشت کے اندر چوکور شکل کے چھوٹے پیکٹ موجود تھے۔
گوشت کے ٹکڑوں کو کاٹ کر ان میں موجود پیکٹ نکالے گئے اور تب انکشاف ہوا کہ ان کے اندر چرس اور دیگر منشیات کی گولیاں چھپائی گئی تھیں۔
یہ اشیاءبرآمد ہونے پر اس شخص کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا اور اب اس کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔