ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان پر ان کے پڑوسی نے الزام لگایا ہے کہ سلمان خان اوران کا خاندان انہیں ذہنی تشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے نواحی علاقے پنویل میں بالی ووڈ کے دبنگ خان کا فارم ہاؤس واقع ہے۔ سلمان خان کے فارم ہاؤس کے پڑوس میں رہنے والے بزرگ کیتن ککڑ نامی شخص نے ان پر الزام عائد کیا ہے۔ کیتن ککڑ جو 3 سال قبل امریکا سے واپس بھارت لوٹے ہیں۔ کیتن ککڑ کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ زمین 1996 میں خریدی تھی۔ زمین کی خریداری کے دوران انہوں نے سلمان خان کے والد سلیم خان سے بھی ان کی رضامندی حاصل کی تھی۔
کیتن ککڑ کا کہنا ہے کہ جب بھی میرا امریکا سے بھارت آنا ہوتا تو وہ اپنی اس زمین کا بھی چکر لگاتے۔ پڑوسی ہونے کے ناطے سلمان خان ان سے اچھا سلوک کرتے رہتے لیکن جب سے وہ مستقل طور پر بھارت آئے ہیں اور وہ اپنی زمین پر گھر بنانا چاہتے ہیں تو سلمان خان کا برتاؤ بالکل ہی بدل گیا ہے۔ سلمان خان انہیں مسلسل پریشان کررہے ہیں۔ اب صورت حال یہ ہے کہ زمین کے مالک ہونے کے باوجود وہ گھر نہیں بنا پارہے۔
کیتن ککڑ نے بتایا کہ سلمان خان نے اپنے فارم ہاؤس کے باہر اس طرح دروازہ لگایا ہے کہ انہیں اپنی زمین پر جانے کے لئے بھی مشکل کا سامنا ہے۔ جب مقامی انتظامیہ کے ایک افسر نے سلمان خان کے خلاف ان کی مدد کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھی تبادلہ کرادیا گیا۔ پنویل میں سلمان خان کے گھوڑوں کے لئے بھی بجلی ہے اور ہماری زمین کے لئے بجلی ہی مہیاں نہیں کی جارہی۔
اس سلسلے میں انہوں نے مہاراشٹر کے وزیر جنگلات سے بھی رابطہ کیا تھا، انہوں نے پہلے مدد کی یقین دہانی کرائی لیکن پھر بعد میں وہ بھی سلمان خان کے ساتھ پارٹی کرتے دیکھے گئے۔
ککڑ فیملی کی وکیل آبھا سین کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی فیملی بہت اثرورسوخ والی ہے اس وجہ سے ان کی کہیں بھی سنوائی نہیں ہورہی۔