ریاض:سعودی عرب میں سیکورٹی حکام نے بچوں کا جنسی استحصال کرنے والے اور انہیں پلے اسٹیشن کے گیمز کے ذریعے ورغلانے والے نوجوان کو پکڑ لیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کارروائی سعودی پراسیکیوٹر جنرل سعود بن عبداللہ المعجب کی ہدایت پر عمل میں آئی۔سعودی جنرل پراسیکیوشن کے ذرائع نے واضح کیا کہ معاشرے کے تحفظ کے واسطے جنرل پراسکیوشن کا ادارہ اپنے کندھوں پر موجود ذمّے داری پوری کرنے کے سلسلے میں کردار ادا کر رہا ہے۔ اس حوالے سے مقررہ حدود سے تجاوز کرنے والے عناصر کو تحویل میں لے کر عدلیہ میں پیش کیا جاتا ہے تا کہ انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔یاد رہے کہ انسدادِ ہراسیت کے نظام کا آرٹیکل نمبر 6 واضح کرتا ہے کہ اگر مجرم بچوں کو یا معذور افراد کو ہراساں کرنے کا مرتکب ہوا ہے تو اسے 5 سال تک کی جیل اور 3 لاکھ ریال تک کے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔