ہرارے: سہ ملکی ٹی20 سیریز کا فائنل میچ کل پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اتوار کو کھیلےجانے والے فائنل میچ میں آسٹریلین ٹیم کی امیدوں کا محور کپتان ایرون فنچ اور گلین میکسویل ہوں گے
جبکہ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیاہے،صاحبزادہ فرحان کو حارث سہیل کی جگہ اوپنر کی حیثیت سےکھلایا جائے گا۔
چار سدہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ اوپنر فائنل میں اپنے انٹر نیشنل کیریئر کا آغاز کریں گے۔
پہلے کی طرح اس بار بھی بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کی امیدیں ایک مرتبہ پھر فخر زمان سے وابستہ ہوں گی جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ میچ میں فتح گر اننگز کھیلی تھی جبکہ فائنل میں فتح کے لیے کپتان سرفراز احمد اور تجربہ کار شعیب ملک کو بھی عمدہ کھیل پیش کرنا ہو گا۔
اس کے علاوہ آؤٹ آف فارم محمد حفیظ ٹیم انتظامیہ کے پلان میں شامل نہیں ہیں ہرارے میں تین قومی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچز محمد حفیظ اور بقیہ دو میچز میں مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل اوپنر کی حیثیت سے کھیلے تھے۔
واضح رہے کہ زمبابوے میں جاری سہ ملکی سیریز میں میزبان ملک حسب توقع کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔
دونوں ہی مہمان ٹیموں نے زمبابوے کو دونوں میچوں میں شکست سے دوچار کیا لیکن ٹی20 کی صف اول کی ٹیموں کے درمیان باہمی مقابلے میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک فتح اپنے نام کی۔