نوازشریف اورمریم کیلئے 2جیلوں میں انتظامات مکمل

اسلام آباد:ایون فیلڈ ریفرنس میں 10سال کی قید بامشقت پانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف اور 7سال قید بامشقت کی سزا پانے والی ان کی صاحبزادی مریم نواز کے لئے پنجاب کی 2جیلوں میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں انہیں سینٹر جیل کوٹ لکھپت لاہور یا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں رکھا جاسکتا ہے ۔
ذرائع کے مطابق ان دونوں جیلوں میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،یہ بھی متوقع ہے کہ نواز شریف کی صاحبزادی کو ہائوس اریسٹ یا پھر کسی سرکاری ریسٹ ہائوس کو سب جیل قرار دے کر وہاں رکھا جائے ۔

ذرائع کے مطابق جیل رولز 245 کے مطابق سیاسی شخصیت کے لیے جیل کے اس حصے کو بیئر رومز یعنی بی کلاس کہا جاتا ہے،اس کلاس میں سیاسی شخصیت کی خدمت کیلئے اچھے کردار کے حامل 2 قیدی دیئے جاتے ہیں۔

جیل رولزکے مطابق بی کلاس کا قیدی جیل یونیفارم کے بجائے عام کپڑے پہن سکتا ہے، اسے روزانہ گھر سے آیا کھانا یا وہیں کھانا پکانے کی اجازت بھی ہے، بی کلاس قیدی کو ٹی وی ، ایئر کنڈیشنر اور اخبار کی سہولت کیلئے سیکریٹری داخلہ کی اجازت لازمی ہوتی ہے ۔