تھائی لینڈ کےغار میں پھنسےتمام بچوں اورکوچ کو نکال لیا گیا،آپریشن مکمل

اس بات کا اعلان تھائی لینڈ کی بحریہ کے کمانڈوز کی جانب سے کیا گیا ہے جو اس آپریشن میں شریک رہے۔

 

بیان میں بتایا گیا ہے کہ غار سے نکالے گئے تمام افراد محفوظ ہیں۔

یاد رہے کہ 12 بچوں اوران کے فٹبال کوچ کی یہ ٹیم 23 جون کوغار میں پانی بھرجانے کے سبب پھنس گئے تھے۔ گذشتہ ہفتے غوطہ خوروں نے ان کا پتہ چلایا تھا۔

اس سے قبل آٹھ بچوں کو اتوار اور پیر کے روز غار سے نکال لیا گیا تھا جو اس وقت اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

تھائی حکام کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران بچائے جانے والے آٹھ بچوں کی ذہنی اورجسمانی صحت اچھی ہے۔

حکام کے مطابق ان آٹھوں بچوں کے خون کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا ہے اوران کا ایکسرے لیا گیا ہے۔ دو بچوں میں پھیپھڑے کی سوزش کا شبہ ظاہرکیا گیا ہے اوران کا علاج کیا جا رہا ہے۔

ان بچوں کو کم از کم سات دن تک اسپتال میں زیرمعائنہ رکھا جائے گا۔

تھائی لینڈ کی صحت عامہ کی وزارت کے سیکریٹری نے میڈیا کوبتایا کہ آٹھوں بچوں کی حالت اچھی ہے۔ کسی کو بخار نہیں ہے۔۔۔ سب اچھی ذہنی حالت میں ہیں۔

 

انھوں نے مزید کہا کہ حکام جانچ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں اورانتہائی احتیاط سے کام لے رہے ہیں کہ کہیں ان بچوں کو چھوت کی بیماری تو نہیں۔

امدادی کارکنوں نے چار بچوں کو اتوار کو باہر نکالا تھا تاہم رات کو ایئر ٹینک دوبارہ بھرنے کے لیے آپریشن روک دیا گیا تھا۔

پیرکو آٹھ بچوں اوران کے کوچ کو نکالنے کا کام دوبارہ شروع کیا گیا تھا تاہم صرف چار بچوں کو ہی غاروں سے باہر نکالا جا سکا تھا۔

بچوں کو غار سے نکالنے کا عمل کافی طویل اور پیچیدہ تھا۔ پیر کو امدادی آپریشن کے انچارج کے مطابق غوطہ خورمقامی وقت کے مطابق صبح 10 اور 11 بجے کے درمیان دوبارہ غار میں داخل ہوئے تھے اور یہ کارروائی رات نو بجے تک جاری رہی تھی۔ تاہم منگل کو تمام بچوں اور ان کے کوچ کو بحفاظت باہرنکال لیا گیا ۔