آئر لینڈ: آئرلینڈ کی سینیٹ نے حکومتی مخالفت کے باوجود اسرائیل سے معاشی تعلقات توڑنے کا بل منظور کر لیا ہے۔
سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران حکومت نے بل کی مخالفت کی لیکن اپوزیشن اور آزاد امیدواروں نے بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔ 25 ارکان نے حمایت اور 20 نے مخالفت کی جبکہ 14 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
قانون پاس ہونے کے بعد اسرائیلی متنازعہ علاقوں میں بنائی جانے والی اشیا، قدرتی وسائل اور انسانی خدمات کی درآمد اور برآمد پر پابندی ہو گی۔ قبل ازیں رواں سال کے آغاز میں حکومتی درخواست پر بل کی ووٹنگ ملتوی کی گئی تھی۔سینیٹ میں بل سینیٹر فرانسس بلیک نے پیش کیا تھا۔ بل پاس ہونے کے بعد انہوں نے اپوزیشن اور آزاد امیدواروں کا شکریہ ادا کیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قانون منظور ہونے سے مشرق وسطیٰ میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی عمل پر اثر پڑے گا اور بائیکاٹ کی زد میں آنے والی صنعتوں سے وابستہ فلسطینی خاندانوں کا روزگار بھی متاثر ہوگا۔