لندن:سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز ایک ماہ بعد ہوش میں آگئی ہیں اور انھوں نے پہلی بارآنکھیں کھولی ہیں۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بتایا ہے کہ ان کی والدہ کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے تاہم وہ اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں ۔
حسین نواز نے بتایا کہ انکی والدہ کلثوم نوازانکے والد نواز شریف اور مریم نواز کو دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔
انھوں نے بتایا کہ انکی والدہ ابھی ڈاکٹروں کی زیرنگرانی رہیں گی اور انکی بے ہوشی کی دوا کم کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی عید سے دو روز قبل ہارٹ اٹیک کے باعث طبیعت بگڑگئی تھی جس کے بعد سے وہ کومے میں تھیں۔
مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ 30 روز کے دوران والدہ نے چند سیکنڈ کے لیے پہلی مرتبہ آنکھیں کھولی ہیں لیکن میں نہیں جانتی کہ انہوں نے دیکھا یا ہمیں پہچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی بے ہوشی کی حالت میں اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ مریم نواز نے عوام سے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔