لاہور:نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ نواز شریف کامعاملہ سیاسی نہیں،عدالتی ہے،کوشش ہوگی کہ نواز شریف کی واپسی کا معاملہ خیریت سے گزر جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے ہوں۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد سے قبل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی سسٹم بنانے کے لئے کام چل رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی پارٹی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کارروائیاں نہیں کی جارہیں، تمام جماعتوں کی قیادت کو ممکنہ سیکیورٹی فراہم کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری میں رکارٹ ڈالنے والے افراد کے خلاف کارروائی کرنا ضروری تھی لیکن اس تمام کارروائی کا تعلق کسی کی انتخابی مہم میں رکاوٹ ڈالنا نہیں ہے۔
ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ماضی کی نسبت اس بار انتخابی مہم پہلے سے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ کی جا رہی ہے جس کے دوران ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانا ا ایک بڑا کام ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے تو اس سلسلے میں (ن) لیگ نگراں حکومت سے بات کرسکتی ہے۔ ہم اس معاملے پر واضح اقدامات کرتے لیکن یہ کہنا کہ صرف ایک جماعت کے خلاف کارروائی کر کے دوسری جماعتوں کے لئے آسانی پیدا کی جا رہی ہے تو یہ بات درست نہیں ہے۔