تیل درآمدات روکنے پر ایران کی بھارت کومراعات روکنے کی دھمکی

تہران:ایران نے بھارت کو تیل کی درآمد بند کرنے کی صورت میں خصوصی مراعات روکنے کی دھمکی دے دی ہے۔

نیودہلی میں ایران کے قائم مقام سفیر مسعود رضوانیان نے ایک اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں خبردار کیا کہ اگر بھارت نے امریکی دبائو میں آکر ایران سے تیل درآمد کم کرکے سعودی عرب، عراق، امریکا اور روس سے تیل درآمد کیا تو بھارت کو ایران سے ملنے والی خصوصی مراعات سے محروم ہونا پڑے گا۔

قائم مقام ایرانی سفیر نے بھارت کی جانب سے چابہار اسٹرٹیجک بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر نئی دہلی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور کہا بھارتی سرمایہ کاروں نے اسٹراٹیجک بندرگاہ چابہار کے توسیعی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے وعدے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔

انٹرویو میں ایرانی سفارتکار نے دونوں ممالک کے تعلقات کے حفاظت کی خاطر ایک ساتھ مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2017 سے جنوری 2018 کے درمیان ایران نے ہندوستان کو ایک کروڑ 84 لاکھ ٹن خام تیل درآمد کیا تھا۔